لاہور: (دنیا نیوز) اے ایف سی کے ویمنز اولمپک کوالیفائرز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، کوالیفائر میچز 5 اپریل سے ہسور سینٹرل سٹیڈیم تاجکستان میں شروع ہوں گے۔
سکواڈ میں ماریہ خان کپتان، ملیکہ نور نائب کپتان ہوں گی، فارورڈز عالیہ صادق، انمول ہیرا، اسرا خان، نقیہ علی، صنوبر عبدالستار اور زہمینہ ملک جبکہ مڈ فیلڈرز ماریہ خان، علیزہ صابر، آمنہ حنیف، انوشے عثمان، ماروی بیگ، رامین فرید اور سوہا ہیرانی سکواڈ کا حصہ ہیں۔
ڈیفینڈرز ملیکہ نور، مشال بھٹی، نزالیہ صدیقی، صاحبہ شیردل، سارہ خان اور صوفیہ قریشی جبکہ گول کیپرز فاطمہ ناز، نشا اشرف اور رومیسا خان کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کا 22 رکنی سکواڈ 2 اپریل کو دبئی سے اڑان بھرے گا، پاکستان ویمنز ٹیم اپنی مہم کا آغاز 5 اپریل کو فلپائن کے خلاف میچ سے کرے گی۔
قومی ٹیم کا دوسرا مقابلہ ہانگ کانگ اور تیسرا تاجکستان سے بالترتیب 8 اور 11 اپریل کو ہوگا، تمام میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوں گے۔