پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کیمپ کیلئے کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا

Published On 27 July,2023 10:02 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے طویل کیمپ کیلئے 50 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا۔

ساف انڈر 16 چیمپئن شپ کی تیاری کیلئے پاکستان ٹیم کا کیمپ ایبٹ آباد میں لگے گا جس کیلئے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے 50 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔

پی ایف ایف کے مطابق کھلاڑیوں کو ملک بھر میں ریجنل انڈر 16 ٹرائلز سے منتخب کیا گیا تھا، ریجنل ٹرائلز میں 200 باصلاحیت بچوں کی نشاندہی ہوئی اور ان 200 میں سے 50 بچوں کو ایبٹ آباد بلایا گیا ہے۔

پی ایف ایف کے مطابق ایبٹ آباد میں کیمپ یکم اگست سے لگایا جائے گا اور قومی جونیئر فٹبالرز کوچ سجاد محمود کی نگرانی میں ٹریننگ کریں گے۔

کیمپ میں ساف انڈر 16 ایونٹ کیلئے 23 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا، ساف انڈر 16 چیمپئن شپ یکم سے 10 ستمبر تک بھوٹان میں ہوگی اور پاکستان انڈر 16 ٹیم یکم ستمبر کو بھوٹان اور تین ستمبر کو مالدیپ سے مقابلہ کرے گی۔