نیویارک: (ویب ڈیسک) گزشتہ سال فیفا ورلڈکپ کے دوران لیونل میسی کی جانب سے پہنی گئیں 6 جرسیاں نیویارک میں 78 لاکھ ڈالرز میں نیلام ہوگئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان 6 جرسیوں میں وہ شرٹ بھی شامل تھی جو میسی نے فرانس کے خلاف ورلڈکپ فائنل میں پہنی تھی، نیلامی سے قبل یہ جرسیاں نیویارک میں نمائش کے لیے بھی رکھی گئی تھیں۔
ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے گزشتہ ماہ سوشل میڈیا پر نیلامی کی خبر شیئر کرتے ہوئے یہ بھی اعلان کیا تھا اس نیلامی سے حاصل رقم کا ایک حصہ بارسلونا کے چلڈرن ہسپتال کو عطیہ کیا جائے گا۔
نیلامی میں میسی کی جرسیاں خریدنے والے کے بارے میں تفصیلات نہیں بتائی گئیں، نیلامی سے قبل خیال کیا جارہا تھا کہ میسی کی ان جرسیوں کی نیلامی ایک کروڑ ڈالر سے زائد میں ہوسکتی ہے جو کہ کھیل کی تاریخ میں اب تک کی سب سے قیمتی نیلامیوں میں سے ایک ہوگی لیکن ایسا ممکن نہ ہوسکا۔