کرسٹیانو رونالڈو گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے کھلاڑی بن گئے

Published On 20 December,2023 02:24 am

دبئی: (ویب ڈیسک) فٹبال کے میدان میں کئی ریکارڈز بنانے والے پرتگال کے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے میدان سے باہر بھی اپنے حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

5 بار بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے اور کئی چیمپئنز لیگ ٹائٹل اپنے نام کرنے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے انٹرنیٹ کی دنیا میں بھی اپنے حریفوں کو شکست دے دی، گوگل نے گزشتہ دنوں اپنے 25 سال مکمل ہونے پر ایکس پر اب تک سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے لمحات کے مجموعے کی ایک ویڈیو پوسٹ کی۔

گوگل کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے گوگل کی تاریخ میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ایتھیلٹ کا اعزاز حاصل کیا ہے، رواں سال سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے کرکٹر میں ویرات کوہلی نے سب کو پیچھے چھوڑا۔

گوگل کی جانب سے اعزاز حاصل کرنے پر رونالڈو نے انسٹاگرام پر ایک مختصر سا ویڈیو کلپ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ گوگل کی تاریخ میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ایتھلیٹ کا اعزاز حاصل کرنے پر شکرگزار ہوں۔

واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو انسٹاگرام پر 60 کروڑ فالوورز حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے انسان ہیں ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد 61 کروڑ 50 لاکھ ہے، رونالڈو کے بعد سب سے زیادہ فالوورز والی شخصیت کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ارجنٹائن کے فٹبالر لیونل میسی ہیں جن کے فالوورز کی تعداد 49 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ہے۔

فوربز کے مطابق 38 سالہ کرسٹیانو رونالڈو 50 کروڑ ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کے امیر ترین اور کامیاب ایتھلیٹس میں سے ایک ہیں۔