نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست، قومی ہاکی ٹیم پیرس اولمپکس کی دوڑ سے باہر

Published On 21 January,2024 09:08 pm

مسقط: (دنیا نیوز) ہاکی اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان ہاکی ٹیم پیرس اولمپکس میں کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگئی۔

عمان کے شہر مسقط میں ہونیوالے اولمپکس کوالیفائر ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔

 تیسری پوزیشن کے میچ کا پہلا کوارٹر تو بغیر کسی گول کے برابر رہا لیکن دوسرے کوارٹر کے آغاز میں ابوبکر محمود نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے پاکستان کو برتری دلادی، تاہم 6 منٹ بعد نیوزی لینڈ کے اسکاٹ بوائیڈ نے مقابلہ برابر کردیا، اگلے ہی لمحے پاکستان کو پنالٹی اسٹروک ملا جس پر ابوبکر محمود نے گول کرکے ایک بار پھر پاکستان کو برتری دلادی۔

پاکستان کی 1-2 کی برتری آخری کوارٹر کے آخری چند منٹ تک برقرار تھی لیکن فیصلہ کن وسل سے 8 منٹ قبل نیوزی لینڈ کے ہیگو اینگلس نےگول کرکے مقابلہ 2-2 کیا اور پھر 58 ویں منٹ میں اسکاٹ بوائیڈ نے گول داغ کر نیوزی لینڈ کو 2-3 کی برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

اس طرح پاکستان تیسری پوزیشن کا میچ 2-3 سے ہار گیا اور ایک بار پھر اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا۔

واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم اس سے قبل ریو ڈی جنیرو اور ٹوکیو اولمپکس کے لیے بھی کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔