میکسیکو سٹی: (ویب ڈیسک) فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے ورلڈ کپ 2026ء کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
گزشتہ روز جاری ہونے والے شیڈول کے مطابق 2026ء کا فیفا ورلڈ کپ 11 جون کو میکسیکو سٹی میں شروع ہو گا اور 19 جولائی کو نیو جرسی میں فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا، 39 دن تک جاری رہنے والا یہ فیفا کا اب تک کا سب سے طویل ورلڈ کپ ہو گا، اس سے قبل قطر میں ہونے والا 2022ء کا فیفا ورلڈ کپ صرف 29 دنوں میں مکمل ہوا تھا۔
2026 کے ورلڈ کپ میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی اور تین ممالک کے 16 مختلف شہروں میں 104 میچز کھیلے جائیں گے، ورلڈ کپ کی میزبانی امریکا، کینیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر کریں گے جس میں سے 78 میچز امریکا جبکہ کینیڈا اور میکسیکو میں 13،13 میچز کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ میکسیکو کی ٹیم میکسیکو سٹی کے ازٹیکا سٹیڈیم میں کھیلے گی۔
ٹورنامنٹ کے 16 میزبان شہروں میں اٹلانٹا، بوسٹن، ڈلاس، گواڈالاجارا، ہیوسٹن، کنساس سٹی، لاس اینجلس، میکسیکو سٹی، میامی، مونٹیری، نیویارک، نیو جرسی، فلاڈیلفیا، سان فرانسسکو، بے ایریا، سیئٹل، ٹورنٹو اور وینکوور شامل ہیں، اس سے قبل فیفا ورلڈ کپ میں 32 ٹیمیں شامل ہوتی تھی لیکن 2026ء میں 48 ٹیموں کو ٹورنامنٹ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ ایک اضافی ناک آؤٹ راؤنڈ بھی ہو گا۔
فیفا ٹورنامنٹ 4 ٹیموں کے 12 گروپس کی شکل میں ہوگا جس میں ٹاپ ٹو ٹیموں کے ساتھ آٹھ بہترین تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں ناک آؤٹ کیلئے بڑھیں گی، اس کے بعد سے ٹورنامنٹ ایک سیدھا ناک آؤٹ فارمیٹ ہے جس میں فائنلسٹ کو 7 کے بجائے آٹھ گیمز کھیلنے ہوں گے۔