ہانگ کانگ:(دنیانیوز) فٹ بال کے شیدائی ہانگ کانگ کے ہزاروں شہری ارجنٹائن کے سپر سٹار فٹبالر لیونل میسی کودیکھنے کیلئے سٹیڈیم میں امڈ آئے۔
عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر ہانگ کانگ کے کلب انٹر میامی میں ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کررہے تھے کہ ان کے شائقین کو خبر ہو گئی جو ہزاروں کی تعداد میں اپنے سٹار کھلاڑی کودیکھنے پہنچ گئے۔
پولیس نے ہانگ کانگ سٹیڈیم کے اردگرد کی سڑکوں کو بند کر دیا کیوں کہ اتوار کو ہونے والے میچ سے قبل ارجنٹائن کے عظیم ترین کھلاڑی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے شائقین کا ہجوم گراؤنڈ کے اطراف کی سڑکوں پر جمع ہو گیا تھا۔
انٹر میامی کے کھلاڑیوں کے اوپن ٹریننگ سیشن کے لیے میدان میں آنے سے چند گھنٹے قبل شائقین نے 40 ہزار کی گنجائش والے سٹیڈیم کے باہر لمبی قطاریں بنا لیں، شائقین نے ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان کے نام کے نعرے لگائے اور بھر پور انداز میں ان کا استقبال کیا۔
آٹھ مرتبہ بیلن ڈی جیتنے والے کھلاڑی نے ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ایک گھنٹے کے تربیتی سیشن کا زیادہ تر حصہ ورزش کرتے ہوئے گزارا، تاہم بعد ازاں وہ کوچنگ سیشن کے دوران ہانگ کانگ کے سکولوں کے 80 خوش قسمت بچوں کے ساتھ فٹ بال کھیلتے دکھائی دیئے۔