میڈرڈ: (ویب ڈیسک) فٹبال کی اپیل کمیٹی نے خواتین کھلاڑیوں کا بوسہ لینے کے معاملے پر لوئس روبیلز پر تین سال کی پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال سپین کی ویمنز ورلڈکپ کے فائنل میں جیت کے بعد مبینہ طور پر رضا مندی کے بغیر خواتین کھلاڑیوں کا بوسہ لینے پر 30 اکتوبر کو لوئس روبیلز کو فٹبال سے متعلق تمام سرگرمیوں میں تین سال تک حصہ لینے سے روک دیا تھا، فیصلے کیخلاف ہسپانوی فٹبال فیڈریشن کے سابق سربراہ کی جانب سے دائر کی گئی اپیل فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا کی اپیل کمیٹی نے مسترد کر دی۔
فیفا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اپیل کمیٹی مطمئن تھی کہ لوئس روبیلز نے فیفا ویمنز ورلڈکپ کے فائنل کے دوران اور اس کے بعد فیفا ڈسپلنری کوڈ کے آرٹیکل 13 کے تحت درج اصولوں کے خلاف رویہ اختیار کیا، روبیلز کو ان کیخلاف فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا، فیصلے کیخلاف اب بھی ثالثی کی عدالت میں اپیل کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے واقعے کے بعد لوئس روبیلز نے ستمبر میں یہ کہتے ہوئے استعفیٰ دے دیا تھا کہ آر ایف ای ایف میں ان کا عہدہ ناقابل برداشت ہو گیا ہے، ابتدائی طور پر انہوں نے کھلاڑیوں، سیاستدانوں اور خواتین کے گروپوں کے دباؤ کے باوجود دستبردار نہ ہونے کا عزم کیا تھا۔