سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی دستخط شدہ جرسی سوا لاکھ ڈالر میں نیلام

Published On 26 January,2024 06:41 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی دستخط شدہ النصر کلب کی جرسی ایک لاکھ 25 ہزار ڈالر (پاکستانی ساڑھے 3 کروڑ روپے) میں نیلام ہو گئی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاض میں ایک عشائیہ کے موقع پر فٹبال کلب النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کی جرسی نیلامی کیلئے پیش کی گئی، یہ تقریب درعیہ ای پریکس کے سلسلے میں تھی جو 26 اور 27 جنوری کو منعقد ہوگی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کی گئی نیلامی کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پرتگالی سٹار کی جرسی کی بولی شروع ہو کر 77500 ڈالر تک پہنچتی ہے اس کے بعد بولی میں تیزی سے اضافے ہونے لگتا ہے۔

تقریب میں موجود افراد کی جانب سے بولی کی رقم 100000، 105000 اور پھر 110000 ڈالر تک پہنچتے ہی پورا ہال سامعین کی تالیوں سے گونج اٹھتا ہے، نیلامی کرنے والا 115000 ڈالر کی بولی کو فائنل کرنے لگتا ہے تو ایک سعودی خاتون کی جانب سے 125000 ڈالر کی حتمی بولی آ جاتی ہے۔

تقریب میں فائنل بولی لگانے والی خاتون کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ بزنس کمیونٹی کی رکن ہیں جبکہ ویڈیو میں ان کو واضح طور پر نہیں دکھایا گیا، پرتگالی فٹبال سٹار کرسٹیانو رونالڈو نے جنوری 2023 میں سعودی پرو لیگ کیلئے ریاض کی النصر کلب میں شمولیت اختیار کی تھی۔