اسلام آباد: (ویب ڈیسک ) پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف ) نے اردن کے خلاف فیفا ورلڈ کپ 2026 کوالیفائرز کا ہوم میچ نیوٹرل وینیو پر کرانے کا عندیہ دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایف ایف کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم کی سہولتیں فیفا معیار کے مطابق نہیں ہیں۔
پاکستان اور اردن کے درمیان فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز راؤنڈ ٹو کا ہوم میچ 21 مارچ کو شیڈول ہے تاہم اب اس میچ کے اسلام آباد میں ہونے کے امکانات نہیں رہے، میچ کے لیے وینیو 21 جنوری تک فائنل کرنا تھا۔
پی ایف ایف کے مطابق نومبر میں تاجکستان کے خلاف میچ کے بعد سے کوشش کی گئی کہ اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم کو فیفا کے معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جاسکے لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔
اس حوالے سے پاکستان فٹبال فیڈریشن نے کہا کہ سب سے بڑا چیلنج فیفا کے معیار کے مطابق لائٹس لگانا ہے جو نہیں ہو سکا، اس لیے اب میچ کے لیے نیوٹرل وینیو کے آپشن پر غور شروع کر دیا ہے، اس سلسلے میں اردن کی فٹبال فیڈریشن سے مشاورت کے بعد حتمی اعلان کر دیا جائے گا۔