گوجرانوالہ : (دنیانیوز) ایف آئی اے گجرات اور گوجرانوالہ سرکل نے انسانی سمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 6 انسانی سمگلر گرفتار کرلیے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، انسانی سمگلنگ میں ملوث اشتہاری سمیت 6 ملزمان میں محمد الیاس ، بشیر احمد ، عبد الروف ، زبیر احمد ، محبوب خان اور شمس الرحمٰن شامل ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان نے شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے ہتھیائے ، ملزمان بشیر احمد ، محمد الیاس، عبد الرؤف اور زبیر احمد نے شہری کو کینیڈا ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 25 لاکھ34ہزار روپے بٹورے ۔
حکام کا بتانا ہے کہ ملزمان کو ڈسکہ ضلع سیالکوٹ سے گرفتار کیا گیا ، ایک اور کارروائی میں اشتہاری ملزم محبوب خان کو منڈی بہاؤالدین سے گرفتار کیا گیا، ملزم نے شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے کے لیے لاکھوں روپے بٹورے ، ملزم سال 2018 سے ایف آئی اے گوجرانولہ سرکل کو مطلوب تھا جبکہ شمس الرحمن کو چک جگنا گوجرانولہ سے گرفتار کیا گیا جس نے شہری سے 5 لاکھ 50 ہزار دبئی ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے بٹورے۔
حکام کاکہنا ہے کہ ملزمان کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔