ریاض: (ویب ڈیسک) دنیا کے نامور فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما نے سعودی فٹبال کلب سے راہیں جدا کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی فٹبال لیگ میں دنیا کے نامور فٹبالر حصہ لیتے ہیں جس کے عوض کلب انہیں لاکھوں ڈالر ادائیگی کرتا ہے لیکن پرُکشش معاوضوں کے باوجود فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما نے سعودی فٹبال کلب کو چھوڑنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کریم بینزیما نے انتظامیہ کے ساتھ اختلافات کے بعد سعودی کلب الاتحاد کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ریال میڈرڈ کے سابق سٹرائیکر نے چند روز قبل ارجنٹائن کے کوچ مارسیلو گالارڈو کے ساتھ ملاقات بھی کی ہے۔
سعودی کلب الاتحاد نے فرانسیسی سٹرائیکر کو ایک دوسرے سعودی پرو لیگ کلب کیلئے قرض کی پیشکش بھی کی لیکن کریم بینزیما نے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دباؤ کے باعث کلب میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکوں گا۔