سعودی عرب: مکس مارشل آرٹس مقابلے، شہریوں کی بھرپور دلچسپی

Published On 26 February,2024 04:13 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت میں مکس مارشل آرٹس کے مقابلوں کا انعقاد ہوا جسے دیکھنے کیلئے سینکڑوں شہری پہنچ گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاض میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والے مکس مارشل آرٹس کے مقابلوں کے دوران 22 نامور مکس مارشل آرٹ فائٹرز کے درمیان گیارہ مقابلے ہوئے، رنگ میں فائٹرز نے ایک دوسرے پر کئی وار کئے اور اپنی بھرپور صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے مختلف داؤ لگا کر مدمقابل کو چت کرنے میں کامیاب رہے۔

ہوم گراؤنڈ پر سعودی مارشل آرٹس کے فائٹرز عبداللہ القحطانی نے بھارت کے فائٹر کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے مقابلہ اپنے نام کیا جبکہ ملک باسل نے برازیل کے پرییرا کو دو ایک سے شکست دے کر فتح اپنے نام کی، مکس مارشل آرٹس کے مقابلوں میں امریکی، افریقی اور دیگر ممالک کے فائٹرز نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

سعودی اور دیگر ممالک کے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ مکس مارشل آرٹس کا کھیل دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے، سعودی عرب میں ایسے مقابلوں کی شروعات ہونا قابل تحسین ہے اور ہمیں امید ہے کہ آئندہ بھی ایسے مقابلے منعقد ہوتے رہیں گے۔