ریاض: (دنیا نیوز) نگران وزیرتجارت گوہراعجاز نے صوبائی وزیر ایس ایم تنویر اور کاروباری وفد کے ہمراہ دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی وزیر تجارت سے ملاقات کی۔
حکام وزارت تجارت کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تجارت کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، تعمیرات، ڈیجیٹل اکانومی، انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وفد میں عارف حبیب، محمد علی ٹبہ اور ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شامل ہیں۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تجارت کو بڑھانے کیلئے بھر پور کوشش کی جا رہی ہے، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سرمایہ کاری کو بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
سعودی وزیر تجارت ماجد الکسبی نے دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط کرنے پر خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ گوہر اعجاز نے تجارتی تعلقات کو بڑھانے کیلئے خصوصی ذاتی دلچسپی لی۔
ماجد الکسبی نے کہا کہ پاکستانی ہمارے بھائی ہیں، ان کیلئےہمارے دروازے کھلے ہیں، پاکستانیوں کیلئے سعودی عرب میں ملازمتوں کے وسیع مواقع موجود ہیں، سعودی عرب کی معیشت تبدیل ہورہی ہے۔