سعودی عرب: گھر میں آگ لگنے سے 4 بچے جھلس کر جاں بحق

Published On 21 February,2024 05:47 am

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں واقع گھر میں آگ لگنے کی وجہ سے 4 بچے جھلس کر جاں بحق ہو گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ سعودی عرب کے جنوبی علاقے سراہ عبیدہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم وجوہات کی وجہ سے لگنے والی آگ کے باعث گھر میں دھواں بھر گیا، 3 بچے موقع پر دم توڑ گئے جبکہ چوتھے کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ خالق حقیقی سے جا ملا۔

ہلاک ہونے والے بچوں میں دوسری جماعت کا طالبعلم مسفر، دو سالہ فراج، 5 سالہ عمر شامل ہیں جبکہ ہسپتال پہنچ کر دم توڑنے والا مانع چھٹی جماعت کا طالب علم تھا، سعودی وزارت تعلیم کے حکام نے سکول میں کام کرنے والے ملازم سے بچوں کی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

مرنے والے بچوں کے رشتہ دار علی بن محمد الحسنی نے بتایا کہ متاثرہ گھر کا کفیل علی بن مانع الحسنی سکول میں گارڈ کے طور پر کام کرتا ہے اور اس کے 9 بچے ہیں جن میں چار بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں، جب رات کو آگ لگی تو باپ کی اچانک آنکھ کھلی، اس نے فوری طور پر سامنے نظر آنے والے ایک بچے کو اٹھایا اور آگ سے بچاتے ہوئے پڑوسی کے گھر تک پہنچایا۔

رشتہ دار نے مزید کہا کہ آگ لگنے کے دوران علی بن مانع الحسنی بیٹیوں اور بیوی کو گھر سے باہر نکالنے میں کامیاب ہو گیا مگر جب وہ دیگر بچوں کو بچانے کیلئے گھر کی جانب بڑھا تو آگ پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے چکی تھی جس کی وجہ سے وہ دوبارہ مکان میں داخل نہ ہوسکا۔