لندن : (ویب ڈیسک ) دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیم نے انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ کے ایک میچ میں برائٹن اینڈ ہوو البیون کی ٹیم کوبا آسانی 0-4 گول سے ہرا دیا،یہ مانچسٹر سٹی کی ٹیم کی ای ایل پی میں 23 ویں فتح ہے۔
انگلش پریمیئر لیگ کے 32 ویں سیزن کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ میں جاری ہے، ایمیکس سٹیڈیم، برائٹن میں کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی اور برائٹن اینڈ ہووالبیون کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔
مانچسٹر سٹی کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی برائٹن اینڈ ہوو البیون کی ٹیم پر حاوی ہوگئی، مانچسٹر سٹی کی طرف سے 17 ویں منٹ پر کیون ڈی بروئن نے ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو برائٹن اینڈ ہوو البیون کے خلاف 0-1 کی برتری دلادی۔
26 ویں اور 34 ویں منٹ پر فل فوڈن نے مزید دو گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو بڑھاتے ہوئے 0-3 کر دیا، یوں میچ کے پہلے ہاف پر مانچسٹر سٹی کو برائٹن اینڈ ہوو البیون کے خلاف 0-3 گول کی برتری تھی۔
دوسرے ہاف میں بھی مانچسٹر سٹی کی ٹیم چھائی رہی ،جولین الواریزنے 62 ویں منٹ پر ایک گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری کو بڑھاتے ہوئے 0-4 کر دیا، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا اور یوں مانچسٹر سٹی نے یکطرفہ مقابلے کے بعد برائٹن اینڈ ہوو البیون کی ٹیم کو بآسانی 0-4 سے ہرا دیا۔
یہ دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی انگلش پریمیئر لیگ میں 23ویں فتح ہے اور وہ اس کامیابی کے بعد ایک درجہ ترقی پاکر 76 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر تیسرے سے دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
واضح رہے کہ آرسنل کی ٹیم سب سے زیادہ 77 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر برقرار ہے ، دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیم 76 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ لیورپول کی ٹیم 74پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔