روم : (ویب ڈیسک ) اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل راؤنڈ میں جرمنی کے نامور ٹینس کھلاڑی اور ایونٹ کے تھرڈ سیڈڈ الیگزینڈر زویروف اور چلی کے ٹینس کھلاڑی الیجینڈرو ٹیبیلو اپنے اپنے میچز جیت کر سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔
اے ٹی پی کے زیر اہتمام اٹالین اوپن کے دلچسپ مقابلے اٹلی کے دارالحکومت روم میں جاری ہیں ، مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل راؤنڈ میں جرمنی کے 27 سالہ نامور ٹینس کھلاڑی الیگزینڈر زویروف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔
زویروف نے امریکی حریف کھلاڑی ٹیلر فریٹز کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 3-6 سے ہرا کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں چلی کے ٹینس کھلاڑی الیجینڈرو ٹیبیلو نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے چین کے حریف ٹینس کھلاڑی ژانگ زیزن کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6 اور 4-6 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے ٹاپ فور راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز مقابلوں کے پہلے سیمی فائنل میچ میں جرمنی کے الیگزینڈر زویروف کا مقابلہ چلی کے ٹینس کھلاڑی الیجینڈرو ٹیبیلو سے ہوگا۔