فرنچ اوپن ٹینس : آریانا سبالینکا اور ایلینا ریباکینا کا کوارٹر فائنل میں سفرتمام

Published On 06 June,2024 11:35 am

پیرس : (ویب ڈیسک ) اٹلی کی جیسمین پاؤلینی اور روسی ٹینس سٹار میرا اینڈریوا نے فرنچ اوپن ٹینس کے خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی جبکہ بیلاروس کی آریاناسبالینکا اور قازقستان کی ایلینا ریباکینا میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل راؤنڈ میں ہار کر باہر ہوگئیں۔

سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا آغاز فرانس کے دارلحکومت پیرس میں ہو چکا ہےجس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

میگا ایونٹ کے ویمن سنگلز مقابلوں کے تیسرے کوارٹر فائنل میچ میں روسی ٹینس سٹار میرا اینڈریوا نے سخت مقابلے کے بعد بیلا روس کی ا ریاناسبالینکا کو 7-6(7-5)،4-6 اور 4-6 سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرلی۔

17 سالہ نوجوان روسی ٹینس سٹار میرا اینڈریوا 1997 میں یو ایس اوپن میں مارٹینا ہنگس کے بعد سب سے کم عمر گرینڈ سلام سیمی فائنلسٹ ہیں۔

میگا ایونٹ کے چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میچ میں اٹلی کی ٹینس کھلاڑی جیسمین پاؤلینی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے قازقستان کی ٹینس کھلاڑی ایلینا ریباکینا کو 2-6، 6-4 اور 4-6سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔

سیمی فائنل راؤنڈ میں اٹلی کی ٹینس کھلاڑی جیسمین پاؤلینی کا مقابلہ روسی ٹینس سٹار میرا اینڈریوا سے ہوگا۔