لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ہاکی کے درخشاں ستارے اولمپئن راؤ سلیم ناظم انتقال کرگئے، ان کی عمر 70 برس تھی۔
راؤ سلیم ناظم مانٹریال اولمپکس 1976 میں برانز میڈل جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کے رکن تھے، وہ ورلڈ کپ 1975 کے سلور میڈلسٹ، ایشین گیمز 1974 اور انڈین کپ 1989 کے گولڈ میڈلسٹ تھے۔
راؤ سلیم ناظم کو میدان اور میدان کے باہر اپنی خداداد صلاحیتوں کی وجہ سے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا، وہ قومی سینئر اور جونیئر ٹیم کے سلیکٹر بھی رہے۔
سابق سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کی حیثیت سے ان کا دور ایک مثالی دور تھا جہاں صوبے بھر میں ہاکی کا بول بالا تھا جبکہ اسی دور میں قومی ٹیم کو پنجاب سے کئی نامور کھلاڑی بھی ملے۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن میں جج کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے اولمپئن راؤ سلیم ناظم پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ کوچ بھی رہے، مرحوم قومی سطح پر گریڈ اے امپائر بھی تھے۔
بی ایم ڈبلیو ٹرافی کے گولڈ میڈلسٹ راؤ سلیم ناظم 89-1988 میں قومی ٹیم کے ایسوسی ایٹ منیجر جبکہ 99-1992 تک پاکستان ہاکی فیڈریشن صدر کے آبزرور کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے، اولمپئن راؤ سلیم ناظم کا اٹھنا بیٹھنا اوڑھنا بچھونا سب ہاکی سے وابستہ تھا۔