ڈچ انٹرنیشنل یوتھ ریگاٹا: پاکستان کے فرید عارف اور ریان ملک نے گولڈ میڈل جیت لیا

Published On 06 July,2025 04:41 pm

ایمسٹرڈیم : (دنیا نیوز) پاکستان کے فرید عارف اور ریان ملک نے اوپن مینز ڈبل سکل ریس میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

پاکستان کے فرید محمد عارف اور ریان ملک نے کے بی سی پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈچ انٹرنیشنل یوتھ ریگاٹا کے پہلے دن شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اوپن مینز ڈبل سکَل ریس میں گولڈ میڈل حاصل کیا، یہ مقابلہ ایمسٹرڈیم میں منعقد ہوا جس میں 8 ممالک کے 800 سے زائد نوجوان کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

اس مقابلے میں شرکت کرنے والے ممالک میں پاکستان، نیدرلینڈز، بیلجیئم، جرمنی، برطانیہ، فرانس، یوکرین اور امریکا شامل ہیں، پاکستان کے فرید اور ریان نے بہترین ہم آہنگی اور غیر معمولی برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے بین الاقوامی حریفوں کو پیچھے چھوڑا۔

ان دونوں کی برتری اتنی واضح تھی کہ فنش لائن پر دوسری کشتیاں نظر ہی نہیں آرہی تھیں۔