اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سپورٹس جرنلزم نے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔
سپورٹس صحافیوں کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد میں راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سپورٹس جرنلسٹس نوجوان کھلاڑیوں میں حوصلہ اور جذبہ پیدا کرتے ہیں، گراس روٹ سے قومی سطح تک کھیلوں کو اجاگر کرنے میں صحافیوں کا کردار قابل ستائش ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ صحافیوں نے اپنی تحریروں اور کیمرے کے ذریعے کئی کامیابیاں دنیا تک پہنچائیں، کامیاب سپورٹس مقابلے سپورٹس جرنلزم کی بدولت مقبول ہوئے، کھیلوں کی ترقی میں صحافیوں کی خدمات کو سراہنا ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ حکومت کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ سپورٹس صحافیوں کی مکمل معاونت کرے گی، جہاں بھی ضرورت ہوئی حکومت سپورٹس جرنلسٹس کے ساتھ کھڑی ہوگی، پاکستان میں سپورٹس جرنلزم نے مثبت روایت قائم کی ہے۔