اٹلانٹا: (ویب ڈیسک) ڈبلیو ڈبلیو ای کے معروف اور لیجنڈ ریسلر بل گولڈ برگ لگ بھگ 3 دہائیوں طویل کیرئیر کے بعد ریٹائر ہوگئے ہیں۔
بل گولڈ برگ 12 جولائی کو آخری میچ میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن گنٹھر کے مدمقابل آئے تھے، سنیچر نائٹ مین ایونٹ کا انعقاد بل گولڈ برگ کے آبائی شہر اٹلانٹا میں ہوا۔
اپنے آخری ریسلنگ مقابلے کے لیے بل گولڈ برگ اپنے دوستوں کے ساتھ رنگ میں آئے جبکہ کچھ دوست شائقین میں موجود تھے، ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن شپ کے لیے ہونے والا یہ مقابلہ گنٹھر نے اپنے نام کیا۔
بل گولڈ برگ نے اپنے مخصوص داؤ Spear اور جیک ہیمر کا استعمال بھی کیا مگر دفاعی چیمپئن کو ہرانے میں ناکام رہے، 58 سالہ بل گولڈ برگ کو گنٹھر نے سلیپر submission داؤ کے ذریعے ہرانے میں کامیابی حاصل کی۔
— WWE (@WWE) July 13, 2025
14 منٹ طویل میچ کے بعد بل گولڈ برگ کے خاندان اور دوست رنگ میں جمع ہوئے اور ریسلر نے الوداعی خطاب کیا، یہ خطاب ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے لائیو نشر تو نہیں کیا گیا مگر ایکس (ٹوئٹر) پر ضرور اس کی وڈیو جاری کی گئی۔
بل گولڈ برگ نے اپنے ریسلنگ کیرئیر کا آغاز 22 ستمبر 1997 میں ڈبلیو سی ڈبلیو سے کیا تھا اور مسلسل 173 میچوں تک ناقابل شکست رہے جس دوران انہوں نے ڈبلیو سی ڈبلیو چیمپئن شپ بھی جیتی۔