لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپیئن حنیف خان نے ہاکی ایشیا کپ بھارت سے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
حنیف خان نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ حالیہ جنگ میں شکست کے بعد بھارت کے حالات اچھے نہیں، وہاں خوف پھیلا ہوا ہے، ایسی صورتحال میں پاکستان ہاکی ٹیم کو بھارت نہیں جانا چاہیے۔
حنیف خان نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھارت میں سکیورٹی صورتحال اچھی نہیں ہے، بھارت پر بھروسہ نہیں کرنا چاہیے کیوں کہ اس بات کی کیا گارنٹی ہے کہ وہ پاکستانی کھلاڑیوں کی حفاطت کریں گے؟
سابق کپتان نے مطالبہ کیا کہ ایشیا کپ ہاکی بھارت کے بجائے یو اے ای یا ملائیشیا میں کرایا جائے، وزیر اعظم اور صدر پاکستان سے درخواست ہے کہ قومی ٹیم بھارت نہ بھیجیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھیل میں رکاوٹ پاکستان نہیں بنا ہمیشہ بھارت نے رکاوٹیں ڈالیں، کرکٹ کے معاملے میں بھی بھارت نے رکاوٹ ڈالیں، اب ہاکی میں بھی ایسا کررہے ہیں بھارت ہمیں کیا منع کرے گا ہم خود نہیں جانا چاہیے۔
سابق کپتان نے کہا کہ بھارت ہر وہ حربہ استعمال کرتا ہے جس سے دنیا میں پاکستان کا امیج خراب ہو ، جب تک پاک بھارت تعلقات اچھے نہیں ہوجاتے پاکستان کی ٹیموں کو بھارت نہیں جانا چاہیے۔