انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ: پاکستان نے سری لنکا کو ہرا کر مسلسل دوسری فتح سمیٹ لی

Published On 06 July,2025 07:21 pm

دازہو: (ویب ڈیسک) انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ 2025 میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گروپ مرحلے کے دوسرے میچ میں سری لنکا کو 0-9 سے شکست دے دی۔

چین کے شہر دازہو میں جاری انڈر 18 ایشیا کپ ہاکی کے گروپ اے کے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف جارحانہ آغاز کیا اور پہلے ہی کوارٹر میں چار گول داغ دیے۔ عبداللہ اعوان نے چوتھے منٹ میں گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی، اگلے ہی منٹ میں زبیر لطیف نے برتری کو دگنا کردیا۔

ساتویں منٹ میں اعصام حیدر نے پنالٹی کو گول میں تبدیل کرکے پاکستان کے حق میں اسکور 0-3 کردیااور چند لمحوں بعد عاطف نے پاکستان کی جانب سے چوتھا گول اسکور کردیا۔

دوسرے کوارٹر میں پاکستان نے مزید دو گول اسکور کیے، یہ دونوں گول اعصام حیدر نے پنالٹی کارنر پر بنائے۔ تیسرے کوارٹر میں عدیل نے یکے بعد دیگرے دو گول کیے جبکہ 44 ویں منٹ میں عاطف علی نے ایک اور گول کرکے اسکور پاکستان کے حق میں 0-9 کردیا۔

پاکستان کی مضبوط ٹیم نے سری لنکنز کو گول کرنے کے زیادہ چانسز نہ دیے، میچ میں سری لنکن ٹیم صرف دو ہی پنالٹی کارنر حاصل کرسکی تاہم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوئی۔

پاکستان مسلسل دو میچز جیتنے کے بعد اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن پر ہے اور ایونٹ میں وہ اپنا اگلا میچ منگل کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا، یاد رہے کہ پاکستان نے انڈر 18 ہاکی ایشیا کپ کے پہلے میچ میں ہانگ کانگ کو شکست دی تھی۔

ویزا تاخیر سے ملنے پر پاکستان ٹیم چند گھنٹوں قبل چین پہنچی اور بغیر پریکٹس کیے میچ کھیلا تاہم اس کے باوجود پاکستانی ٹیم نے 8 گول سےکامیابی حاصل کی۔