نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں ہونے والے ایشیاء ہاکی کپ میں پاکستان کی شرکت کی راہ ہموار، بھارتی میڈیا نے ایونٹ میں پاکستان کی شرکت پر مثبت خبریں دینا شروع کردیں۔
بھارتی وزارتِ کھیل کے ذرائع نے خبر رساں ادارے سے گفتگو میں بتایا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو ایشیاء کپ میں شرکت سے نہیں روکیں گے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق بھارتی وزارت کھیل کا کہنا ہے کہ ہم بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں پاک بھارت مقابلوں کے خلاف نہیں، بین الاقوامی مقابلوں کا تقاضہ ہے کہ ہم ان میچز سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔
بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کی وزارتِ داخلہ اور وزارتِ خارجہ نے ایونٹ میں پاکستان کی شرکت کے لیے کلیئرنس دے دی ہے ۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن ایونٹ میں شرکت کو حکومتی اجازت سے مشروط قرار دے چکی ہے اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے اب تک ایونٹ کے حوالے سے کوئی ردِعمل نہیں آیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں ہاکی ایشیاء کپ 27 اگست سے 7 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔