اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو پلاٹس دینے کے دعوے جھوٹے نکلے

Published On 16 July,2025 05:11 pm

لندن: (ویب ڈیسک) پیرس اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم نے اپنی فتح کے بعد انعامات کے اعلانات کا پول کھول دیا۔

گزشتہ برس ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں92.97 میٹر کی تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ بناکر پاکستان کو گولڈ میڈل جتوایا تھا۔

ارشد ندیم کی اس شاندار فتح کے بعد ان کے لیے حکومتِ پاکستان، صوبائی حکومتوں حتیٰ کہ کئی نجی اداروں کی جانب سے کروڑوں کے انعامات سمیت پلاٹس کے اعلانات بھی کیے گئے تھے۔

حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران صحافی نے ارشد ندیم سے انعامات سے متعلق سوال کیا، اس پر ارشد ندیم نے بتایا کہ ’میرے لیے جتنے بھی انعامات کے اعلانات کیے گئے تھے ان میں تمام پلاٹس کے اعلانات جعلی تھے جو کہ مجھے نہیں ملے، اس کے علاوہ جو کیش انعامات کا اعلان کیا گیا تھا وہ سب مجھے مل چکے ہیں‘ ۔

دوسرے نوجوانوں کو ٹریننگ دینے سے متعلق سوال پرارشد ندیم نے بتایا کہ ’ میرا سارا فوکس خود پر ہے لیکن اس کے علاوہ جو بھی نوجوان ہمارے پاس ٹریننگ کیلئے آتا ہے ہم اس کو ٹرینننگ دیتے ہیں اور یہ ٹریننگ میرے کوچ سلمان بٹ دیتے ہیں‘۔