اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ہاکی ٹیم کی پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے حوالے سے تمام رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں اور پاکستان سپورٹس بورڈ نے باقاعدہ خط جاری کر دیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت 25 کروڑ روپے پرو ہاکی لیگ کے لیے دے گی، اس حوالے سے پی ایس بی نے خط پاکستان ہاکی فیڈریشن حکام کو بجھوا دیا ہے۔
اس خط کے بعد اب پرو ہاکی لیگ میں پاکستان ہاکی ٹیم کی شرکت کی باقاعدہ طور پر تصدیق ہوگئی ہے۔
پرو ہاکی لیگ کے لیے زبانی فنڈنگ کے بعد پی ایچ ایف حکام کو تحریری شکل میں ضمانت کی ضرورت تھی جو اس خط کے ذریعے مل گئی ہے۔
فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے مجموعی طور پر 40 کروڑ روپے جاری ہوں گے، حکومت کی طرف سے نیشنل یوتھ گیمز کے لیے پندرہ کروڑ فنڈز کی منظوری دی گئی ہے، نیشنل یوتھ گیمز سات ستمبر سے اسلام آباد میں شیڈول ہیں۔