کرسٹیانو رونالڈو کا 500 گول مکمل کرنے پر انوکھے انداز میں جشن

کرسٹیانو رونالڈو کا 500 گول مکمل کرنے پر انوکھے انداز میں جشن

یہ سنگ میل سعودی پروفیشنل لیگ کے ایک میچ میں الحزم کے خلاف 4-0 کی شاندار فتح کے دوران حاصل ہوا، جہاں رونالڈو نے اہم کردار ادا کیا۔

اس موقع پر رونالڈو نے سعودی عرب کے یومِ تاسیس کی مناسبت سے روایتی سعودی لباس ”بِشت“ پہن کر فتح کا جشن منایا، بشت یہ لباس سعودی ثقافت میں قیادت اور وقار کی علامت سمجھا جاتا ہے، تاریخی طور پر یہ لباس اس وقت نمایاں ہوا تھا جب پہلی سعودی ریاست کی بنیاد رکھی گئی۔

یہ غیر معمولی جشن غیر ملکی میڈیا نے بھی خوب کور کیا اور رونالڈو کی بشت پہنے تصویر سوشل میڈیا پر محض 40 منٹ میں 40 لاکھ سے زائد لوگوں نے دیکھی، جو تیزی سے وائرل ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق رونالڈو نے 30 سال کی عمر تک تقریباً 463 گول کئے تھے، جبکہ اس کے بعد انہوں نے مزید 500 گول سکور کر کے اپنے کیریئر کی لمبی عمر اور غیر معمولی فٹنس کا ثبوت دیا، اس وقت ان کی عمر 41 برس ہے، اس فتح کے بعد النصر سعودی لیگ کی پوائنٹس ٹیبل میں پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔

رونالڈو کی جانب سے بشت پہن کر جشن منانے کو سعودی عرب کی ثقافت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی ایک اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

رونالڈو نے پہلے بھی سعودی قومی لباس ’ثوب‘ میں سعودی کپ کی تقریب میں شرکت کی تھی، جس سے سعودی ثقافت عالمی سطح پر اجاگر ہوئی، یہ واقعہ نہ صرف کھیل بلکہ ثقافتی شعور کو فروغ دینے کا بھی ذریعہ بنا۔

رونالڈو نے اپنے کیریئر میں ریال میڈرڈ، مانچسٹر یونائیٹڈ، یووینٹس اور پرتگال کی قومی ٹیم سمیت متعدد ٹیموں کے ساتھ بے شمار ریکارڈ قائم کئے۔

یاد رہے کہ رونالڈو نے 2023 میں النصر کلب میں شمولیت اختیار کی تھی، ان کی آمد کے بعد نہ صرف ٹیم کی کارکردگی بہتر ہوئی بلکہ سعودی لیگ کو عالمی توجہ بھی حاصل ہوئی، انہوں نے متعدد میچوں میں فیصلہ کن گول کر کے اپنی ٹیم کو شاندار فتوحات سے ہمکنار کیا ہے۔