تابکاری خارج کرنے والے موبائل کینسر کا باعث بن سکتے ہیں

Published On 08 Mar 2018 06:33 PM 

لاہور: (ویب ڈیسک) موبائل فون کا استعمال صحت کے لیے کتنا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے؟ اور ان نقصانات سے بچنے کا حل کیا ہے؟ امریکی ماہرین کی تحقیق میں موبائل فون سے خارج ہونے والی تابکاری، اس کے نقصانات اور بچاؤ سے متعلق اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔

برسوں سے سائنسدان کوشاں ہیں کہ موبائل فون سے نکلنے والی فریکوئنسی لہروں کے انسانی جسم پر ہونے والے اثرات کا اندازہ لگایا جاسکے تاہم اب اس سلسلے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جو بات ہم جانتے ہیں وہ یہ ہے کہ ہمارے اردگرد کئی اقسام کی ریڈیو فریکوئنسی لہریں موجود ہیں جن میں ایف ایم ریڈیو لہریں، مائیکرو ویوز، حرارت اور دکھائی دینے والی روشنی شامل ہیں۔ نان آیونائزنگ ریڈی ایشن میں اتنی طاقت نہیں ہوتی کہ وہ خلیوں میں موجود ڈی این اے کو براہِ راست نقصان پہنچا کر کینسر کی وجہ بن سکے۔ لیکن امریکی کینسر سوسائٹی کی ویب سائٹ کے مطابق اس بارے میں حقیقی خدشات موجود ہیں کہ آیا موبائل فون، دماغ میں رسولی یا سر اور گردن میں رسولیوں کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔

انتہائی شدید ریڈیو فریکوئنسی ویوز انسانی جسم کی بافتوں کو گرم کر سکتی ہیں۔ یہ ایسے ہی ہے جیسے کہ مائیکرو ویو اوون کام کرتا ہے۔ اگرچہ موبائل فون سے خارج ہونے والی توانائی بہت کم ہوتی ہے اور وہ انسانی جسم کا درجہ حرارت بڑھانے کے لیے کافی نہیں، امریکی کینسر سوسائٹی کے مطابق یہ واضح نہیں کہ آیا یہ انسانی صحت پر مضر اثرات ڈالتی ہے یا نہیں اور وہ لوگوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیتی ہے۔

تابکاری کے صحت پر مضر اثرات ناپنے کے لیے سائنسدانوں نے "سپیسفک ایبزارپشن ریٹ" کا پیمانہ مقرر کیا ہے۔ یہ ریڈیو فریکوئنسی توانائی کی وہ مقدار ہے جو ایک شخص موبائل فون استعمال کرتے ہوئے جذب کر سکتا ہے۔ "سپیسفک ایبزارپشن ریٹ" لیول ہر فون میں دوسرے سے مختلف ہوتا ہے اور فون بنانے والی کمپنیوں کے لیے لازم ہے کہ وہ بتائیں کہ ان کے فون کا لیول کیا ہے۔ یہ معلومات انٹرنیٹ پر یا فون کے صارف کے لیے دیے گئے مینوئل پر دستیاب ہونی ضروری ہیں لیکن بہت کم صارف ایسے ہیں جو ان معلومات کو پڑھتے ہیں۔

آپ اپنے موبائل فون کے تابکاری کے اخراج کا لیول جاننے کے لیے اس کے مینوئل، موبائل بنانے والی کمپنی کی ویب سائٹ یا امریکی فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جا سکتے ہیں۔ موبائل فون سے نکلنے والی تابکاری انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہوتی ہے اس سے بچنے کے لیے آپ کوشش کریں کے اپنے فون کے انٹینا کو سر کے زیادہ قریب نہ کریں۔ زیادہ تر صارف فون استعمال کرتے ہوئے اسے کان سے جوڑ کر رکھتے ہیں لیکن امریکی کینسر سوسائٹی کے مطابق انٹینا جتنا سر کے نزدیک ہو گا انسان کے ریڈیو فریکوئنسی توانائی سے متاثر ہونے کا امکان زیادہ ہو گا۔ موبائل فون پر کم وقت صرف کریں۔ فون پر بات کرتے ہوئے سپیکر پر بات کریں یا ہینڈز فری استعمال کریں تاکہ فون آپ کے سر سے دور رہے۔ ایسا موبائل فون منتخب کریں جس کا "سپیسفک ایبزارپشن ریٹ" لیول کم ہو۔