دبئی میں سحری پہنچانے کےلیے ڈرون سروس متعارف

Last Updated On 13 May,2018 06:48 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دبئی کی ایک نجی کمپنی نے شہریوں کو سحری پہنچانے کےلیے انوکھا انداز اپنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

متحدہ عرب امارات میں اب رمضان المبارک کے دوران سحری کے لوازمات کی گھروں پر ترسیل کےلیے روایتی ذرائع کے بجائے ڈرون کا استعمال کیا جائے گا۔ اب شہریوں کو ان کے دروازے پر سحری کے لوازمات کی ترسیل کے لیے روایتی طریقے جیسے موٹر سائیکل یا گاڑی کے بجائے ڈرون استعمال کیے جائیں گے۔ 8 بیٹریوں والے یہ ڈرون دس کلوگرام تک وزنی سحری پیکیج لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

دبئی میں زیادہ تر افراد غیر مقامی ہیں جو روزگار کی غرض سے یہاں رہائش پذیر ہیں جن میں اکثریت بھارت اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کے مسلمانوں کی ہے جن کےلیے علی الصبح سحری کی تیاری دشوار کام ہوتا ہے جب کہ وقت کی قلت کے باعث سحری کےلیے باہر جانا بھی ممکن نہیں رہتا اس لیے اکثر لوگ تیار سحری آرڈر کرتے ہیں تاہم اس کی بروقت ترسیل میں بھی ایک مشکل مرحلہ تھی جسے ڈرون کے ذریعے حل کرلیا گیا ہے۔