سیب کا سرکہ وزن گھٹانے میں معاون

Last Updated On 25 September,2018 02:08 pm

لاہور (نیٹ نیوز ) بنا کسی طبّی ضرر کے تیزی کے ساتھ وزن کا گھٹانا بہت سے لوگوں کے لیے ایک دشوار امر ہے۔ اگرچہ ایسے بہت سے فوڈ سپلیمنٹس دستیاب ہیں جو اضافی چربی سے چھٹکارہ حاصل کرنے میں مدد گار ہوتے ہیں تاہم ان میں بہت کم ہی مؤثر ثابت ہوئے ہیں۔

اسی وجہ سے بہتر ہے کہ ہمیشہ صحت بخش غذائی نظام، معمول کے ساتھ ورزش اور ایسی غذا کا سہارا لیا جائے جو جسم میں چکنائی کے جلنے کا تناسب بڑھا دے۔

صحت کے امور سے متعلق انگریزی ویب سائٹ "ڈیلی ہیلتھ" کے مطابق جسم کے اندر مُنہ زور چکنائیوں کے خاتمے کے لیے ہمارے پاس ایک مثالی قدرتی ہتھیار موجود ہے۔ جی ہاں وہ ہتھیار "سیب کا سرکہ" ہے۔ غذائی امور سے متعلق ایک طبّی جریدے میں شائع تحقیقی مطالعے کے مطابق جن لوگوں نے سفید روٹی کو سیب کے سرکے میں بھگو کر کھایا ان کی کمر کی پیمائش دیگر افراد کے مقابلے میں بڑی حد تک کم ہو گئی، جنہوں نے روایتی انداز سے سفید روٹی کھائی۔ علاوہ ازیں سیب کے سرکے میں روٹی کھانے والوں کے خون میں ٹرائی گلائی سیرائڈ کی مقدار بھی کم ہو گئی۔

تحقیقی مطالعے سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ کھانے سے قبل سیب کے سرکے کا ہلکا سا استعمال آپ کو کم کھانے میں مدد دیتا ہے وہ اس طرح کہ آپ کو جلد سیرابی کا احساس ہونے لگتا ہے۔

سیب کا سرکہ خون میں شکر کی مقدار کو بھی بہتر بناتا ہے۔ اس طرح انسان کو بار بار بھوک نہیں لگتی ہے، اس لیے کہ بار بار کھانے سے خون میں شکر کی سطح میں اضافہ ہو جاتا ہے۔