کھٹا میٹھا پھل کیوی قبض سے نجات کیلئے جادوئی اثرات کا حامل، ماہرین

Last Updated On 25 September,2018 11:54 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) عمر رسیدہ افراد میں قبض کی بیماری سنگین مسئلے کا روپ دھار لیتی ہے جو مزید کئی بیماریوں میں مبتلا کرنے کا سبب بھی بنتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق کیوی ایسا پھل ہے جو قبض کی مرض دور بھگانے کے لئے جادوئی اثرات کا حامل ہے۔

کھٹا میٹھا مزیدار کیوی پھل کئی طرح کے اینٹی آکسیڈنٹس اور فائبر سے بھرپور ہوتا ہے جو اندرونی سوزش کم کرکے پورے نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتے ہیں۔ کیوی میں یہ خاصیت ہے کہ یہ اجابت ممکن بنانے والی معدے کی حرکت کومنظم کرتا ہے جس سے دھیرے دھیرے قبض ختم ہوجاتا ہے۔اس ضمن میں ایشیا پیسفک جرنل آف کلینکل نیوٹریشن میں شائع ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کیوی کا استعمال خصوصاً عمررسیدہ افراد میں قبض کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ یہ پھل دائمی قبض کا دشمن ہے اور اسے ختم کرتا ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ کم ازکم چھ ہفتوں تک روزانہ کیوی کے دو پھل کھائے جائیں۔

اس ضمن میں جن افراد کو کیوی کھلایا گیا ان میں معدے کی حرکت (بوویل موومنٹس) بڑھی اور معلوم ہوا کہ اس سے معدے کی جلن بھی کم ہوتی ہے جس سے معدے کے کئی امراض ختم ہوتے ہیں۔ کیوی میں شامل دو اجزا ایکٹی نیڈن اور پیکٹن قبض ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایکٹی نیڈن ایک اینزائم ہے جو ہاضمے کو بڑھاتا ہے اور فضلے کو حرکت دے کر اپنے آخری مقام تک پہنچانے میں مدد دیتا ہے۔ جبکہ پیکٹن پودے کا ریشہ (فائبر) ہے جو معدے کو بہترحالت میں رکھتا ہے۔ ایکٹی نیڈن اور پیکٹن دونوں ہی پری بایوٹکس کے زمرے میں آتے ہیں جو مرض پیدا کرنے والے بیکٹیریا کو بھی ختم کرتے ہیں۔