ورجن گیلیکٹک خلا میں پہلی پرواز سے صرف چند ہفتے دور

Last Updated On 10 October,2018 06:33 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) خلائی سفر کے لیے کئی کمپنیاں میدان میں آگئیں، ورجن گیلیکٹک نامی کمپنی نےعام افراد کو خلائی سیر کرانے کیلئے کوششیں تیز کر دیں، مہینوں کے بجائے ہفتوں میں خلاء کا سفر کرانے کا دعویٰ بھی کر دیا۔

اب کوئی بھی خلا کا سفر کر سکے گا، ورجن گیلیکٹک کمپنی نے لوگوں کو خلائی سیر کرانے کا دعویٰ کر دیا۔ سر رچرڈ برینسن نے بتایا کہ ان کی کمپنی خلا میں پہلی پرواز سے اب صرف چند ہفتے کی دوری پر ہے، جلد ہی لوگ مہینوں نہیں بلکہ ہفتوں میں خلاء میں ہوں گے۔ سر رچرڈ برینسن نے 2004 میں ورجن گیلیکٹک نامی کمپنی قائم کی تھی جو کمرشل بنیادوں پر خلا میں پرواز کروائے گی۔

اِس سے پہلے کمپنی نے 2009 تک پہلی مرتبہ سیاحوں کو ایسی پروازوں میں لے جانے کی پیشکش کی تھی جو زمین کے مدار میں چکر لگائیں گی۔ لیکن اس میں تاخیر ہوئی اور 2014 میں ایک سپیس کرافٹ کے جان لیوا حادثے کی وجہ سے یہ منصوبہ مکمل نہ ہو سکا۔

ورجن گیلیکٹک کا مقابلہ سپیس ایکس اور ایمیزون کے ساتھ ہے۔ یہ کمپنیاں بھی عام لوگوں کو خلا کی سیر کرانے کی تیاری کر رہی ہیں۔