پاکستان میں منہ کا سرطان بڑھنے کی وجہ گٹکے کا استعمال

Last Updated On 05 November,2018 09:00 pm

کراچی: (دنیا نیوز) منہ کا سرطان ترقی یافتہ ممالک میں سب سے نچلے درجے پر ہے لیکن پاکستان میں اس کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ماہرین کہتے ہیں تمباکو کا بڑھتا ہوا استعمال مختلف کینسرز کے پھیلاؤ کا سبب ہے۔

کینسر دنیا میں اموات کی ایک بڑی وجہ ہے جو ہر سال 5 کروڑ اسی لاکھ افراد کی جان لے لیتا ہے، پاکستان میں بھء سرطان خطرناک حد تک تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس میں منہ کا کینسر اول نمبر پر ہے۔

نوجوانوں میں پان گٹکے اور تمباکو کا بڑھتا استعمال کینسر کی شرح میں اضافے کا سبب قرار دیا جاتا ہے۔ ای این ٹی سپیشلسٹ ڈاکٹر عاطف حفیظ صدیقی کا کہنا ہے کہ مضر صحت چھالیہ اور دیگر اجزا سے تیار کردہ گٹکا ایسا زہر بن جاتا ہے جسے نوجوان جانتے بوجھتے بھی استعمال کرنا نہیں چھوڑتے۔

ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہر سال چھ سے 17 سال کی عمر کے ساڑھے تین لاکھ نوجوان تمباکو نوشی کی عادت میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ پاکستان میں ہونے والے ایک ہیلتھ سروے کے مطابق 37 فیصد مرد جبکہ ساڑھے پانچ فیصد خواتین بھی تمباکو نوشی کرتی ہیں۔