سانس کے ذریعہ کینسر کی شناخت کیلئے تحقیق کا آغاز

Last Updated On 06 January,2019 06:49 pm

لندن: (دنیا نیوز) صحت کے شعبہ میں بڑا اقدام، برطانیہ میں سانس کے ذریعہ قبل از وقت کینسر کی شناخت کے لیے تحقیق کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ ٹائیفائڈ کی طرح کینسر کی بھی ایک خاص علامتی بو ہوتی ہے جو وقت سے پہلے کینسر کی شناخت میں مدد دیتی ہے۔

برطانیہ کے تحقیقاتی ادارہ برائے کینسر نے سانس کے ذریعہ قبل از وقت کینسر کی شناخت کے لیے تحقیق کا آغاز کر دیا ہے۔ سائنس دان بریتھ بائیوپسی نامی آلہ پر دو سال تک تجربہ کریں گے۔

یہ آلہ سانس باہر نکالتے وقت مالیکیولز کو قید کر لیتا ہے اور پھر ان مالیکیولز میں کینسر کے اثرات کی جانچ کی جاتی ہے۔ سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ ٹائیفائد جیسی بیماریوں کی طرح کہ جس میں سانس سے بیک ہوئی ڈبل روٹی یا سڑے ہوئے سیب جیسی بو آتی ہے، کینسر کی بھی ایک خاص بو ہوتی ہے۔