سپریم کورٹ: پنجاب ہیلتھ کمیشن کا بورڈ ایک ہفتےمیں تشکیل دینےکا حکم

Last Updated On 04 January,2019 12:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا ایک ہفتے میں بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ بورڈ اراکین کے لئے نامزد افراد کے کوائف کا جائزہ لے کر نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے۔

 چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے بورڈ کی تشکیل سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ بورڈ کے لیے مجوزہ ناموں کی فہرست عدالت میں پیش کی گئی۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ بورڈ ممبران کے مجوزہ ناموں میں کسی خاتون کا نام نظرنہیں آرہا، پنجاب حکومت کے نمائندہ نے امجد اسلام امجد کا نام فہرست سے پڑھنا شروع کیا تو چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیا امجد اسلام امجد عورت ہے؟ جس پر کمرہ عدالت میں موجود افراد ہنس پڑے۔

عدالت نے حکم دیا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے لیے بورڈ کی تشکیل ایک ہفتے میں مکمل کی جائے۔ بورڈ ممبران کے کوائف کا جائزہ لے کر نوٹیفکیشن جاری کریں۔