اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد تقرری کا نوٹیفکیشن جاری، نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ 18 جنوری کو حلف اٹھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ کو نیا چیف جسٹس آف پاکستان مقرر کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق صدر مملکت نے وزارت قانون کی جانب سے بھجوائی گئی سمری پر دستخط کر دیئے ہیں۔ موجودہ چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار 17 جنوری کو ریٹائر ہو جائیں گے جس کے بعد جسٹس آصف سعید کھوسہ 18 جنوری کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
محترم جسٹس آصف سعید کھوسہ 21 دسمبر 1954ء کو ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے علاقے سے حاصل کی جبکہ بعد ازاں انہوں نے 1969ء میں میٹرک کے امتحان میں پانچویں پوزیشن حاصل کی اور نیشنل ٹیلنٹ سکالرشپ ایوارڈ کے حق دار قرار پائے۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ نے گورنمنٹ کالج لاہور میں زیر تعلیم رہے اور 1971ء میں لاہور بورڈ سے اول پوزیشن میں انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کیا اور دوسری مرتبہ نیشنل ٹیلنٹ سکالرشپ ایوارڈ حاصل کیا۔
انہوں نے 1973ء میں گورنمنٹ کالج سے منسلک رہتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی کا بی اے امتحان اول پوزیشن میں حاصل کیا اور تیسری مرتبہ بھی نیشنل ٹیلنٹ سکالرشپ ایوارڈ اپنے نام کیا۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 1975ء میں پنجاب یونیورسٹی سے ایم کا امتحان پاس کیا اور بعد ازاں برطانیہ چلے گئے جہاں انہوں نے کیمرج یونیورسٹی سے 1978ء میں قانون کی ڈگری حاصل کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
آصف سعید کھوسہ نے کیمبرج یونیورسٹی لندن سے ایل ایل ایم جبکہ ہانرایبل سوسائٹی آف لندن سے بار ایٹ لا کی ڈگری حاصل کی۔ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ فروری 2010ء میں سپریم کورٹ کے جج تعینات ہوئے۔ بحیثیت جج سپریم کورٹ اپنی 8 سالہ مدت میں آصف سعید کھوسہ تاریخ ساز فیصلوں کا حصہ رہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف پاناما کیس اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف توہین عدالت کیس کا فیصلے سنانے والے بنچ کا حصہ رہے۔ دونوں فیصلوں میں وقت کے وزرائے اعظم کو نااہل قرار دے کر اپنا عہدہ چھوڑنے کا حکم دیا گیا۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ 3 نومبر 2007ء کی ایمرجنسی سے متعلق فیصلے کے خلاف پرویز مشرف کی نظر ثانی درخواست مسترد کرنے والے بنچ میں بھی شامل رہے۔
محترم جسٹس آصف سعید کھوسہ اکیسویں آئینی ترمیم اور فوجی عدالتوں کو درست قرار دینے والے عدالتی بنچ کا بھی حصہ تھے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ چار کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔
جسٹس آصف سعید کھوسہ 18 جنوری 2019ء کو چیف جسٹس آف پاکستان کا عہدہ سنبھالیں گے اور 20 دسمبر 2019ء کو ریٹائر ہو جائیں گے۔