اسلام آباد: (دنیا نیوز) جنوبی افریقا سے ایبولا وائرس پاکستان منتقل ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ کئی ماہ سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر وائرس شناخت کرنے والا تھرمو سکینر خراب جبکہ محکمہ صحت کا عملہ بھی غائب ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا سے آنے والے مسافروں کو چیک کرنا انتہائی ضروری ہے لیکن کئی ماہ سے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایبولا وائرس کو شناخت کرنے والا تھرمو سکینر خراب پڑا ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ہدایات پر 2014ء میں بینظیر ایئرپورٹ پر تھرمو سکینر لگایا گیا تھا۔ سکینر کے علاوہ محکمہ صحت کا عملہ بھی ایئرپورٹ سے غائب ہے۔
محکمہ صحت اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے مسئلے کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو بھی سب اچھا ہے کی رپورٹ دی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ خطرناک ایبولا وائرس سے متاثرہ 90 فیصد مریض جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔