بچوں‌ میں کھانے کا شوق پیدا کریں

Last Updated On 30 April,2019 12:57 pm

لاہور: (دنیا میگزین) بہت سے بچے آج کل کھانے پینے کے معاملے میں لاپرواہی دکھاتے ہیں۔ وہ بچے جن کی عمریں دو سے پانچ سال کے درمیان ہوتی ہیں وہ خاص طور پر کھانے پینے سے جان چھُڑاتے ہیں۔

مگر گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں، یہاں ہم آپ کو پانچ ایسی باتیں بتا رہے ہیں جن پر عمل کر کے آپ بھی اپنے بچوں کو خوش خوراک بنا سکتی ہیں۔

اگر آپ کا بچہ فروٹ کھانا پسند نہیں کرتا تو آپ فروٹ کسٹرڈ تیار کر لیں، ملک شیک بنا لیں یا فروٹ چاٹ اور فروٹ جیل تیار کر لیں۔ آپ مختلف پھلوں کے ٹکڑوں کو ٹوتھ پکس پر رکھ کر بھی پیش کر سکتی ہیں۔ ان کی مختلف شکلیں بنا کر بھی اپنے بچے کو کھانے کی جانب مائل کر سکتی ہیں مثلاً چیریز کو آنکھیں بنا لیں، سٹرابیریز کو ناک اور کیلے کے ٹکڑوں کو منہ بنا کر پیش کریں۔

اگر آپ کے بچے کو سبزیاں پسند نہیں ہیں تو آپ سبزیوں کو کاٹ کر ان کا پراٹھا بنا سکتی ہیں۔ روٹی میں سبزیاں بھر کر رول بنا سکتی ہیں۔ سبزی میں چاول شامل کر کے ڈال سکتی ہیں یا پاستہ کے ساتھ سبزیاں شامل کر کے پیش کر سکتی ہیں۔

اگر آپ کا بچہ دودھ پسند نہیں کرتا تو آپ بچے کو پینے کے لیے ملک شیک دے دیں۔ اس کے علاوہ کھانے کی ٹیبل پر بھی چھوٹے چھوٹے ٹکڑے جنہیں فنگر فوڈز کہہ سکتے ہیں بچے کو پیش کیے جا سکتے ہیں جنہیں وہ خود اپنے ہاتھ سے کھائے، مثلاً اُبلے ہوئے انڈے، مرغی کے چھوٹے ٹکڑے، سبزیوں کے کٹلس، رولز اور سینڈوچز چھوٹے ٹکڑوں میں بچے کو کھانے کے لیے دیں۔

بچے کو کھانے پینے کے متعلق پوچھے جانے والے سوالات کے جواب ضرور دیں، مثلاً اگر بچہ جاننا چاہتا ہے کہ کون سی چیز کہاں اُگتی اور کس طرح پکائی جاتی ہے تو اس بارے میں بچے کو ضرور معلومات دیں اور ساتھ ہی اُسے اشیا کی افادیت سے بھی آگاہ کریں کہ کن چیزوں کو کھانے سے اُس کے جسم کو کس طرح فائدہ حاصل ہوگا۔

بچے سب سے زیادہ اپنے والدین سے ہی مُتاثر ہوتے ہیں اور بچوں کے لیے رول ماڈل ہوتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ خود اچھی اور صحت مند غذائیں استعمال کر کے ان کے لیے مثال قائم کریں مثلاً اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا بچہ اپنی غذا میں مٹھائیوں اور فرائی فوڈ کا استعمال کم کرے تو آپ کو بھی اپنی خوراک میں ان چیزوں کی کمی کرنی ہو گی۔آپ کا بچہ دودھ پینے لگے تو پھر آپ کو بھی دودھ کا استعمال روز کرنا ہوگا۔

بچوں میں صحت مند خوراک کے رجحان کا آخری طریقہ کھانے کی ٹائمنگ ہے۔ آپ اپنے بچے کو ٹی وی دیکھتے یا کوئی کتاب پڑھتے ہوئے کھانے کو کہیں گی تو وہ یقینا بُرا محسوس کرے گا۔

کوشش کریں کہ بچے کو ہر تین گھنٹے بعد کچھ نہ کچھ کھانے کو ضرور دیں۔ کھانے کا وقت قریب ہو تو اسے سنیکس کھانے کے لیے ہر گز نہ دیں۔ اگر آپ کا بچہ تین وقت پابندی سے کھانا نہیں کھا رہا مگر اس کے باوجود چُست اور صحت مند ہے تو ضروری نہیں کہ بچے کو زبردستی تین وقت ہی کھانے کو دیا جائے بلکہ وہ خوشی سے جتنا کھا لے اُسے مرضی کے مطابق اُتنا ہی کھانے دیں۔