کراچی: (دنیا نیوز) ہسپتال انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے ماہرین سے طبی مشاورت شروع کر دی۔ بچی کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق نشوا نامی یہ 9 ماہ کی بچی کراچی کے نجی ہسپتال درالصحت ہسپتال میں داخل ہوئی تھی۔ والدین کا کہنا ہے کہ بچی کی حالت غلط انجیکشن لگنے سے خراب ہوئی اور اس کا دماغ مکمل مفلوج ہو چکا ہے۔
دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ نے کہا ہے کہ نشوا کو گیسٹرو انٹیئٹس کی شکایت کا سامنا تھا، جسے فوری طور پر عملے کی جانب سے پوٹیشیم کلورائیڈ کا انجیکشن دیا گیا۔
یہ انجیکشن لگتے ہی نشوا کے دل کی دھڑکن تیز اور سانس لینے پر دشواری کا سامنا شروع ہو گیا جس پر اسے فوری طور پر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاملے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ بچی کے علاج کی تمام اخراجات ہسپتال خود اٹھائے گا۔