اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیکٹا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملکی جیلوں میں گنجائش سے ڈیڑھ گنا زیادہ قیدی بند ہیں۔ ان میں بڑی تعداد ایسے ملزمان کی ہے جنہیں ابھی سزا نہیں ہوئی اور جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان بھر کی جیلوں میں گنجائش سے 57 فیصد زیادہ قیدیوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ نیکٹا نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جیلوں میں بغیر سزا قیدیوں کی بھرمار کو وجہ قرار دیدیا ہے۔
نیکٹا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملکی جیلوں میں 100 کی جگہ 157 قیدی بند ہیں۔ حد سے زیادہ جوڈیشل ریمانڈ جیلوں میں قیدیوں میں اضافے کا بڑا سبب ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کو جرم ثابت ہونے سے پہلے جیل نا بھجوانے کیلئے قانون سازی ضروری ہے۔ کریمنل جسٹس سسٹم پر کام ہوتا تو اس معاملے پر قابو پایا جا سکتا تھا۔
نیکٹا نے جیلوں میں قیدیوں کی صورتحال پر رپورٹ عدلیہ، جیل حکام، پولیس اور بار کونسلز سے مشاورت کے بعد مرتب کی جو وزارت داخلہ کو بھجوا دی گئی ہے۔