کراچی: (دنیا نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے 50 سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ کرنے والے چھ ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں سابق پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عبداللہ شیخ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ملزموں نے پولیس اہلکار سمیت پچاس سے زائد افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ یہ ملزم مولانا اورنگزیب فاروقی پر قاتلانہ حملے میں بھی ملوث ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام نے مزید بتایا کہ یہ دہشتگرد واردات کے بعد پڑوسی ملک فرار ہو جاتے تھے۔ ان ملزموں پر مفتی تقی عثمانی پر حملے کا بھی شبہ ہے۔ تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی شواہد نہیں ملے۔
حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم میں ایک سابق پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ ملزم سعید حیدر عباس رضوی عرف پولیس والا گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں تعینات تھا۔ مبینہ دہشتگردوں کے قبضے سے مختلف اقسام کا اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔