دانتوں کی صفائی کیلئے ننھے روبوٹ تیار

Last Updated On 30 April,2019 12:58 pm

پینسلوانیہ: (ویب ڈیسک) یونیورسٹی آف پینسلوانیا کے ماہرین نے ایسے خوردبینی روبوٹ تیار کیے ہیں جو دانتوں کی گہری صفائی کرتے ہیں تاہم بیکٹیریا کو دور کرنے کیلئے ابھی مزید تحقیق درکار ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق آرٹی فیشل انٹیلی جنس ماہرین نے دو طرح کے انتہائی چھوٹے روبوٹ تیار کیے ہیں جو دانتوں کے علاوہ بند نالیوں اور پائپوں کی صفائی بھی کرسکتے ہیں۔ دانتوں کی صفائی کے دوران عموما بیکٹیریا اصل مسئلہ ہوتے ہیں جو دانتوں کی بیماریوں کا باعث بنتے ہیں، ان سے نجات کیلئے ان خوردبینی روبوٹس کی تحقیقی سطح پر مزید ٹریننگ کی ضرورت ہے جس پر مزید کام جاری ہے۔

روبوٹس کا اہم مقصد کسی شے مثلاً دانت پر چڑھ جانے والی حیاتیاتی پرت کو صاف کرنا ہے جو دانتوں پر چپک کر ان کی سڑن کا باعث بنتے ہیں، اسی طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے روبوٹس کو جسم میں ہونے والی سرجری کے دوران لگائے جانے والے پیوند کے علاوہ برقی آلات کی صفائی کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

جامعہ کے شعبہ دنداں سے وابستہ ڈاکٹر ہیون مائیکل کوُ کا کہنا ہے کہ انہیں ایسی طبی بایو فلمز جو انسانی صحت کیلئے مضر ثابت ہوتی ہیں کے خلاف بھی استعمال کیا جاسکتا ہے جو کسی بھی دوا سے دور نہیں ہوتیں۔

دانت ہو یا جسمانی برقی پیوند وقت کے ساتھ ساتھ پہلے ان پر حیاتی تہہ چڑھ جاتی ہے اور اس کے بعد وہاں بیکٹیریا اور دیگر جراثیم جمع ہونے لگتے ہیں۔ ایک مثال دانتوں پر جمع ہونے والی تہہ در تہہ ہے جو اتنی سخت ہوجاتی ہے کہ دانتوں کو صاف کرنے میں کئی دن لگ جاتے ہیں، ان مسائل کے حل کیلئے یہ روبوٹس خودبخود وہ کام سرانجام دیں گے جو دندان ساز کو گھنٹوں اور بعض اوقات کئی دن لگا کر کرنا پڑتا ہے۔ اس لحاظ سے یہ بہت اہم ایجاد ہے اور مستقبل میں ان سے مزید کئی منفرد کام لئے جا سکتے ہیں جو اس سے قبل محض خیال تھے۔