لاہور: (ویب ڈیسک) ہم روزمرہ کی زندگی میں جو کچھ کھاتے ہیں اس کا صحت برقرار رکھنے میں اہم کردار ہوتا ہے۔ ایک چھوٹا سا خشک میوہ عام طور پر میٹھے پکوانوں کی آرائش اور بعض دیگر کھانوں میں استعمال کیا جاتا ہے تاہم اکثر لوگ اس کے صحت بخش فوائد اور رازوں پر توجہ نہیں دیتے۔ حالیہ دنوں میں ملک بھر میں سخت گرمی پڑ رہی ہے، کشمکش گرمی میں بھی فائدہ مند ہے۔ اس ڈرائی فروٹ کے فوائد جانیے:
1: جلد کو سخت دھوپ کے ضرر سے بچانا
کشمش میں ایک ایسا کیمیائی نباتیاتی مواد پایا جاتا ہے جو ہماری جلد کو انتہائی تیز دھوپ کے نقصان دہ اثرات سے محفوظ رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ امائینو ایسڈ کی بڑی مقدار جلد کو بحال کرنے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔ اس حوالے سے انسانی جلد پر ایک تہہ بن جاتی ہے جو دھوپ کی لہروں کے مضر اثرات اور جلد کے سرطان سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔
2: جھائیوں سے جلد کی حفاظت
کشمش انسان کی جلد کو بڑھاپے اور بڑھتی عمر کے ظاہری اثرات سے بچاتی ہے۔ اس کے اندر پایا جانے والا "کولاجن" جلد کو لچک دار بناتا ہے اور ڈھیلا پڑنے سے روکتا ہے۔
3: دوران خون کی بہتری
پابندی کے ساتھ کشمش کھانے سے انسانی جسم میں دورانِ خون کا نظام بہتر ہوتا ہے۔ یہ فولاد کا اچھا ذریعہ ہے جو دوران خون کو منظم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔
4: سفید بالوں کے ظاہر ہونے پر کنٹرول
کالی کشمش کو پابندی کے ساتھ کھانا قبل از وقت سفید بالوں کے نمودار ہونے کو روکتا ہے۔ یہ وٹامن C اور فولاد سے بھرپور ہونے کے سبب معدنیات کے جذب ہونے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔ لہذا خوب صورت اور چمک دار بالوں کے حصول کے واسطے پابندی کے ساتھ کشمش کھانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔
5: دانتوں اور مسوڑھوں کی حفاظت
مضبوط اور صحت مند دانتوں کے واسطے باقاعدگی سے کشمش کھانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ کشمش میں موجود لنولینک ایسڈ (ناسير شُدَہ چِکنائيوں کا مائع تيزاب) پلاک بننے اور دانتوں کو برباد ہونے سے روکتا ہے۔ اس کے علاوہ کشمش میں پایا جانے والا کیلشیئم دانتوں کو مضبوط بناتا ہے اور ان کو ٹوٹنے اور کھوکھلا ہونے سے محفوظ رکھتا ہے۔