نیویارک: (روزنامہ دنیا) اگر کوئی وزن کم کرنے میں سنجیدہ ہے تو دن کے اہم کھانوں کو صرف دن کے ابتدائی حصے میں ہی ختم کر لے، دن بھر کھانے کے اس نئے انداز سے کیلوریز کے بجائے بھوک اور اشتہا کے ہارمون کم ہوں گے اور وزن گھٹانے میں مدد ملے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اہم مقصد یہ ہے کہ اس طرح کھانے کے اوقات جسم میں میٹابولزم پر اثر ڈالتے ہیں اور کھانے کے اوقات انسانی قدرتی گھڑی سے ہم آہنگ ہوتے ہیں۔ مطالعات سے معلوم ہوا ہے کہ اگر صبح 8 سے دوپہر 2 بجے تک ہی بڑے کھانوں کو محدود رکھا جائے تو اس سے بھوک میں کمی واقع ہوتی ہے۔
طبی ماہرین نے یہ تحقیق ایک سائنسی جنرل میں شائع کی ہے جس میں ماہرین نے زور دیا ہے کہ دن کی روشنی میں کھانا کھانے سے ’’یہ عمل جسمانی اندرونی گھڑی سے ہم آہنگ ہو جاتا ہے۔ اس سے وزن کم کرنے اور میٹابولزم کو صحت مند بنانے میں مدد ملتی ہے۔ اس تحقیق کو آزمانے کیلئے چار روز کیلئے مختلف لوگوں پر تجربہ کیا گیا جس کے کافی حد تک حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے۔
اس کے باوجود محتاط ماہرین نے اس تجربے کو زیادہ دورانئے اور افراد پر آزمانے پر زور دیا ہے تا کہ تجربہ زیادہ مستند ہو اور اسے عام لوگوں کو موٹاپے سے دور رکھنے کیلئے علاج کے طور پر زیادہ اعتماد سے استعمال کیا جا سکے۔