لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان نے ڈرون ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی اپنا لوہا منوا لیا، مقامی طور پر تیار کیا گیا سیلیکس گلیلیو ٹیکنالوجی سے لیس براق ڈرون پندرہ ہزار فٹ کی بلندی سے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔
دفاعی ٹیکنالوجی میں اہم اہداف حاصل، میزائل ٹیکنالوجی سے مسلح ڈرون بھی تیار، براق ڈرون پاکستانی سائنسدانوں اور انجنئیرز کی صلاحیتوں کا شاہکار ہے۔ براق ڈرون 15 ہزار فٹ کی بلندی پر مسلسل 10 گھنٹے تک پرواز کر سکتا ہے۔
میزائل سے لیس یہ ڈرون مکمل طور پر پاکستان میں تیار کیا گیا ہے اور اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ براق سیلیکس گلیلیو ٹیکنالوجی کا حامل ڈرون ہے۔
مسلح افواج کے زیر استعمال شہپر ڈورن بھی مقامی سطح پر تیار کیا گیا ہے جو سرحدوں کی نگرانی کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ پاکستان میں اس وقت آٹھ سے زائد ادارے ڈرون ٹیکنا لوجی پر کام کر رہے ہیں جن میں پرائیویٹ سیکٹر بھی شامل ہے۔
ڈرون ٹیکنالوجی کے تمام منصوبے سٹریٹیجک پلان ڈویژن کے زیر انتظام کام کر رہے ہیں۔ پاکستان متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت کئی ممالک کو سرویلنس ڈرون برآمد بھی کر رہا ہے۔