لاہور: (ویب ڈیسک) اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کا موبائل فون جدید ترین ہے اور ساری دنیا کی معلومات پلک جھپکنے میں آپ تک پہنچا دیتا ہے تو ٹھہریئے اب ایک انوکھے سرپرائز کیلئے تیار ہو جائیں۔
دبئی میں ہونے والے ٹیکنالوجی ویک میں ایسے شاہکار موبائل پیش کئے گئے ہیں جو ایک چھوٹی سی الیکٹرونک چپ کی شکل میں انسانی جسم کے اندر مستقل طور پر رہیں گے جو نہ صرف آپ کے روزمرہ چھوٹے موٹے کاموں کی ذمے داری اپنے سر اٹھا لیں گے بلکہ بہت سی اہم معلومات جو آپ بھول کر مشکل کا شکار ہو سکتے ہیں وہ اس میں محفوظ رہیں گی۔
آپ کے ڈیبٹ کارڈ کا نمبر، بزنس پاس ورڈز یا گھر میں داخل ہونے کی چابی، یہ سب اب آپ کے ہاتھ میں نصب مائیکرو چپ کا کام ہے کہ جونہی آپ کو ان میں سے کسی چیز کی ضرورت ہو جھٹ آپ تک پہنچا دی جائے۔
جی ہاں، چاول کے دانے کے برابر مائیکروچپ محض ایک انجیکشن لگانے کے عمل کی طرح آپ کے جسم میں داخل کر دی جائے گی جو آپ کی میڈیکل ہسٹری، اہم دستاویزات، جائیداد یا کاروبار سے متعلق اہم معلومات، بینک اکاونٹس کی تفصیلات، آپ کو پیش آنے والے حادثات سب اس مائیکروچپ میں محفوظ ہو جائیں گے۔ حتی کہ آپ کو کوئی ڈاکو لوٹ لیتا ہے، اس کی شکل، واردات کی تفصیلات آپ کو یاد رکھنے اور اپنے ذہن پر غیر ضروری زور ڈالنے کی قطعا ضرورت نہیں، بس پولیس سٹیشن جائیں، مائیکروچپ میں محفوظ ڈیٹا خودبخود پولیس کو تمام ضروری معلومات فراہم کر دے گا جو اب سے پہلے حاصل کرنا انتہائی مشکل ثابت ہو جاتا تھا۔
آپ کی گاڑی کی چابی بھی یہی چپ ہے، بس صبح اٹھیں اور بغیر چابی کی تلاش کی دقت اٹھائے چپ کے ذریعے گاڑی سٹارٹ کریں اور جہاں بھی جائیں، گاڑی چوری ہونے کی فکر کی ضرورت نہیں، گاڑی اب صرف آپ کے ہاتھ میں موجود مائیکرو چپ سے ہی سٹارٹ ہو گی، گاڑی کہاں موجود ہے یہ سب معلومات اب آپ کی ہتھیلی میں ہیں۔