آواز کے ذریعے تیز دھوپ سے خبردار کرنے والا چشمہ

Last Updated On 22 October,2019 03:52 pm

سیئول: (روزنامہ دنیا) مارکیٹ میں دھوپ کا ایسا چشمہ سامنے آیا ہے جس کے عدسے دھوپ میں گہرے اور چھاؤں میں شفاف ہو جاتے ہیں بلکہ وہ آواز کے ذریعے آپ کو دھوپ سے خبردار کرتا ہے۔

 

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ چشمہ حیرت انگیز طور پر آپ کو چھاؤں میں بیٹھ جانے کا مشورہ بھی دیتا ہے۔ گلیٹس نامی یہ چشمہ اگرچہ فیشن کے لحاظ سے نہیں بنایا گیا لیکن اس کے دیگر خواص اسے دوسرے چشموں سے ممتاز ضرور کرتے ہیں۔

اس میں نصب سنسر اور سپیکر سورج کے مزاج سے آپ کو خبردار کرتے ہوئے مفید مشورے بھی دیتے ہیں۔ یہ چشمہ جنوبی کوریا کی مقامی چشمہ ساز کمپنی نے تیار کیا ہے۔

اس عینک کی دونوں کمانیوں میں الٹرا وائلٹ سینسرز نصب ہیں جو بلیو ٹوتھ ٹیکنالوجی کے ذریعے سمارٹ فون کو ڈیٹا پہنچاتے رہتے ہیں۔ اس طرح عینک اور ایپ دونوں ہی آپ کو الٹراوائلٹ شعاعوں سے بچانے کی بھرپور کوشش کرتے رہتے ہیں جو دھوپ تیز ہونے پر خبردار کر دیتے ہیں۔