پاکستانی خاتون نے ہوائی جہاز کا ماحول دوست انجن تیار کرلیا

Last Updated On 01 December,2019 04:35 pm

لندن: (روزنامہ دنیا) پاکستانی خاتون انجینئر نے ہوائی جہاز کا ماحول دوست انجن بنا کر ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔

پاکستانی ایرو سپیس انجینئر سارہ قریشی لندن میں مقیم ہیں جنہوں نے ایرو سپیس ڈائنامک میں ماسٹرز کی سند لے رکھی ہے۔ انہوں نے برطانیہ کی کران فیلڈ یونیورسٹی سے ایرو سپیس پوپلژن میں پی ایچ ڈی کی ڈگری بھی حاصل کی ہے۔

حال ہی میں ڈاکٹر سارہ قریشی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ طویل جدوجہد اور بہت محنت کے بعد انہوں نے اپنے والد مسعود لطیف قریشی کے ساتھ مل کر ایک ایرو انجن کرافٹ کمپنی لانچ کی تا کہ وہاں ہوائی جہاز کے ماحول دوست انجن تیار کریں۔

سارہ قریشی کے والد پیشے کے اعتبار سے سائنسدان ہیں۔ سارہ قریشی نے اپنی ایرو سپیس کمپنی میں ہوائی جہاز کا ماحول دوست انجن تیار کیا ہے جس میں ایسا پریشر سسٹم موجود ہے جو جہاز کے گرم انجن کو ٹھنڈا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس سسٹم کی مدد سے پانی کے بخارات جہاز کی مشینری کو حدت سے محفوظ رکھیں گے اور ضرورت پڑنے پر اس کا پانی بارش کے طور پر بھی برسایا جا سکتا ہے۔