برلن: (ویب ڈیسک) چین کی مشہور ایپ ٹک ٹاک نے دنیا بھر میں اپنی دھاک بیٹھائی ہوئی ہے، اس کے صارفین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، جہاں اس کی تعداد بڑھ رہی ہے وہیں پر امریکا میں اس کے خلاف بھی صدائیں بلند ہو رہی ہیں، اب ایک ویڈیو جرمنی سے آئی ہے جہاں ٹک ٹاک کی ویڈیوز پر جرمن ڈاکٹرز رقص کر رہے ہیں۔
جرمنی میں ایک ہسپتال ٹک ٹاک ویڈیوز کے ذریعے طبی عملے کو ملازمت کی طرف راغب کر رہا ہے۔ انگریزی گانوں پر ڈاکٹر اپنی مزاحیہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں۔
رقص کرتا انسانی ڈھانچہ، سٹیتھوسکوپ کے ساتھ گنگنانا اور کچھ ڈرامہ۔ ہم شاید سوچتے ہوں کہ ڈاکٹر تنہائی میں ایسا کرتے ہوں گے لیکن جرمن ہسپتال کلینیکم ڈورٹمنڈ میں مریضوں کی دیکھ بھال کے ساتھ سب کرنا بھی طبی عملے کی ذمہ داریوں میں ایک طرح سے شامل ہو گیا ہے۔ ہسپتال کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ میں پمپ دی جیم جیسے گانوں پر ڈاکٹر پرفارم کرتے نظر آتے ہیں۔
ہسپتال کے شعبہ ابلاغ کے سربراہ مارک راشکے کا کہنا ہے کہ ہمارے اہم ناظرین مریض نہیں بلکہ طبی کارکن اور ہسپتال کا عملہ ہے۔ تربیت کے لیے زیادہ تر افراد سوشل میڈیا کے ذریعے ہم سے رابطہ کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا کا استعمال ہسپتال کے لیے نئے ملازمین تلاش کرنے کا سب سے بہتر ذریعہ بن گیا ہے۔ مارک راشکے کا کہنا ہے کہ وہ نہ تو مختلف تقریبات میں شرکت کے ذریعے اور نہ ہی کسی اور طریقے سے اپنے کلینک کی تشہیر کرتے ہیں بلکہ ان کے لیے ٹک ٹاک کی ویڈیوز، انسٹاگرام، ٹوئٹر، فیس بک اور واٹس ایپ ہی کافی ہیں۔
Ein sehr schönes Beispiel, wie man #TikTok zum Recruiting verwenden kann: (@klinikumdo) pic.twitter.com/P8vWlirAln
— Tibor Martini (@tibor) October 30, 2019
جرمن ہسپتالوں میں طبی عملے کی شدید کمی ہے۔ رونالڈ بیرگر نامی مشاورتی کمپنی کے اندازوں کے مطابق 2019 کے دوران مختلف ہسپتالوں میں بیس ہزار نوکریاں خالی رہیں۔ ہسپتالوں کے لیے ملازمین کی تلاش ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے اور مختلف کلینکس کے مابین عملے کی تلاش کے معاملے پر رسہ کشی کی سی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
جرمنی میں میونسپل ہسپتالوں کے سب سے بڑے آپریٹر ویوانتیس نے برلن اور اسکے گرد و نواح کے علاقوں کے ہسپتالوں میں ملازمت اختیار کرنے والوں کے لیے ایک طرح کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ اس ادارے کے مطابق ویوانتیس سے منسلک ہونے اور شپنڈاؤ کے ہسپتال میں امسال کے آخر تک نئی ملازمت اختیار کرنے پر ہر ہیلتھ ورکر کو 9 ہزار یورو تک دیئے جائیں گے۔
کلینیکم ڈورٹمنڈ کے مارک راشکے کا کہنا ہے کہ انہیں پیسوں کی پیشکش کرے بغیر ہی تربیتی پروگراموں کے لیے پانچ سو افراد مل گئے تھے۔ ٹک ٹاک کی ویڈیوز ملازمین کو اپنی طرف راغب کرنے کا اہم ذریعہ ثابت ہو رہی ہیں۔ مارکیٹنگ کی اس حکمت عملی کا بانی خود کلیکم ڈورٹمنڈ‘ ہے۔
اس ہسپتال کو ملازمین کی کمی کے باعث شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ اب ان کی ویڈیوز کے ذریعے نہ صرف عملے کی کمی پوری ہو گئی ہے بلکہ سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے انہیں بے تحاشہ پیغامات بھی موصول ہوتے ہیں۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ انہیں اس طرح کے ہسپتال میں کام کرنے پر خوشی ہو گی۔
ڈجیٹل دنیا میں اس کامیابی کے باوجود اس ہسپتال میں نجی پرفارمنس کی حوصلہ افزائی نہیں کی جا رہی کیونکہ کسی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں اس کے قانونی نتائج بھی بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔